ریاض(آن لائن) سعودی خواتین اپنے نام سے غیر ملکیوں کو کاروبار کرانے میں آگے نکل گئیں ۔سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ حالیہ ایام کے دوران غیرملکیوں کو اپنے نام سے کاروبار کرانے والوں کا ریکارڈ چیک کیا گیا تو پتہ چلاکہ
سب سے زیادہ غیر ملکیوں کو کاروبار کرانے والی سعودی خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر تاجر خاتون کا فرض ہے کہ وہ اپنے نام سے کیے جانے والے کاروبار کی جملہ تفصیلات سے آگاہ ہو۔ اپنے تجارتی لائسنس کی بنیاد پر ہونے والے تجارتی معاہدوں اور تجارتی سرگرمیوں سے باخبر رہے۔ تجارتی پردہ پوشی کے نئے قانون کے بموجب سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں جو سعودی بھی اپنے نام سے غیرملکی کو کاروبارکرائے گا اسے پانچ برس تک قید اور پچاس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔سعودی قانون تجارت کے بموجب کوئی بھی غیر ملکی سعودی کے نام سے اپنے کاروبار کا مجاز نہیں۔ اسی طرح کوئی بھی سعودی اپنے نام سے کسی بھی غیر ملکی کو کاروبار نہیں کرا سکتا۔