ریاض(آن لائن) سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ نے اقامے اور ویزے کی مدت ختم ہوجانے کی مشکلات سے دو چار غیر ملکیوں کو جرمانے اور فیس سے استثنیٰ سے متعلق وضاحت کی ہے۔سعودی حکام کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحییٰ نے جرمانے اور فیس سے مستثنیٰ غیر ملکیوں کے زمروں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔سعودی حکومت نے کرونا وائرس کی وبا
کے دوران سفری پابندیوں کے باعث اقامے اور ویزے کی مدت ختم ہوجانے کی مشکلات سے دو چار غیر ملکیوں کو جرمانے اور فیس سے استثنیٰ دینے اعلان کیا تھا۔متاثرین میں بڑی تعداد میں پاکستانی شامل ہیں اور وہ دریافت کر رہے تھے کہ فیس اور جرمانوں سے مستثنیٰ زمروں کی تفصیلات کیا ہیں۔ان کے جوابات دیتے ہوئے میجر جنرل سلیمان الیحییٰ نے بتایا کہ جو لوگ خروج و عود(ایگزٹ ری انٹری) ہولڈر ہیں اور ان کا اقامہ مؤثر ہے، وہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کی وجہ سے مملکت واپس نہیں آسکے ان پر کوئی جرمانہ ہوگا اور نہ ہی ان سے کوئی فیس وصول کی جائے گی۔اسی طرح وہ غیر ملکی جن کا اقامہ ختم ہوگیا ہو یا بیرون مملکت رہتے ہوئے ان کے ویزے کی میعاد نکل گئی ہو وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنیٰ ہوں گے۔مملکت میں مقیم وہ غیر ملکی جو فائنل ایگزٹ (خروج نہائی) جاری کر چکے ہوں یا خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری) لیے ہوئے ہوں اور سفر نہ کر سکے ہوں وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنیٰ ہوں گے۔جنرل سلیمان کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جو سعودی عرب وزٹ ویزے پر آئے ہوں اور سفری پابندیوں کی وجہ سے نہ جا سکے ہوں، وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنیٰ ہیں۔سعودی محکمہ پاسپورٹ کیڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ان زمروں میں آنے والے غیر ملکی سب مجبور شمار کیے جا رہے ہیں۔