کویت سٹی (این این آئی )کویت تارکینِ وطن کے لیے آیندہ مہینوں میں ایک نظرثانی شدہ اقامتی قانون متعارف کرارہا ہے،اس کے نفاذ کے بعد اس خلیجی ریاست میں غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد میں نمایاں کمی کردی جائے گی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کویت کے وزیر داخلہ انس الصالح نے سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے نئے قانون کا مسودہ تیار کرلیا ہے،اس میں موجودہ اقامتی قانون پر نظر ثانی کی گئی ہے اور اس کواپ گریڈ کیا گیا ہے۔اس کے تحت کویت میں موجود غیرملکی شہریوں کی تعداد کم کردی جائے گی۔کویت کی اسمبلی کے اسپیکر مرزوق الغانم کا کہنا تھا کہ اب مزدوروں کے بجائے ہنرمند تارکینِ وطن کی بھرتی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔اسپیکر نے کہا کہ نئے مسود قانون میں مختلف کاروباروں پر یہ قدغن لگائی جارہی ہے کہ وہ ہر سال کتنی تعداد میں تارکین وطن کو بھرتی کرسکتے ہیں۔ وہ اس متعینہ تعداد سے زیادہ غیرملکیوں کو بھرتی نہیں کرسکیں گے۔اس کے علاوہ ان تارکینِ وطن کی پیشہ ورانہ مہارتوں پر مبنی قواعد وضوابط بھی وضع کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ کویتی پارلیمان نومبر میں انتخابات سے قبل اکتوبر تک تارکینِ وطن سے متعلق اس قانون سازی کو مکمل کرنا چاہتی ہے۔