ابوظہبی(این این آئی )متحدہ عرب امارات (یو اے ای)نے پاکستان سے آنے والی تمام مسافر پروازوں کی آمد پر عارضی پابندی عائد کردی۔میڈیارپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی سی اے)نے پاکستان سے آنے والی پروازوں پر اس وقت تک کے لیے پابندی عائد کی ہے
جب تک پاکستان سے یو اے ای جانے والے مسافروں کے لیے کووِڈ19 کی لیبارٹری ٹیسٹنگ کا آغاز نہ ہوجائے۔نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ ایک احتیاطی اقدام ہے جس کا مقصد آنے والوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔جی سی سی اے کا کہنا تھا کہ پاکستان سے آنے والی ٹرانزٹ سمیت تمام مسافروں کو کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے مختص لیبارٹری کے قیام تک یو اے ای کے ایئرپورٹس پر وصول نہیں کیا جائے گا۔ساتھ ہی حکام نے اس اعلان سے متاثر ہونے والے مسافروں پر زور دیا ہے کہ اپنی پروازوں کی سی شیڈولنگ کے حوالے سے ایئرلائن کمپنیز کے ساتھ رابطے میں رہیں۔