واشنگٹن(این این آئی )امریکا میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے سبب 819 افراد کی اموات کا اندراج ہوا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات جونز ہوپکنز یونیورسٹی نے بدھ کے روز جاری اعداد و شمار میں بتائی۔ اس طرح امریکا میں اب تک اس وبائی مرض میں مبتلا ہو کر موت کا شکار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 111751 ہو چکی ہے۔ ملک میں کرونا کے 1973803 مصدقہ کیس سامنے آئے
جن میں تقریبا 5.18 لاکھ مریض سرکاری طور پر صحت یاب قرار دیے جا چکے ہیں۔اپریل کے وسط میں امریکا میں کرونا سے مرنے والوں کی یومیہ تعداد نقطہ عروج پر پہنچ گئی جب روزانہ 3 ہزار سے زیادہ افراد کی اموات کا اندراج کیا گیا۔ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران یومیہ اموات میں کمی واقع ہوئی ہے اور اب یہ عدد ایک ہزار سے کم پر آ گیا ہے۔تاہم امریکا میں اب بھی روزانہ 20 ہزار سے زیادہ کرونا وائرس کے کیسوں کا انکشاف ہو رہا ہے۔دوسری جانب برازیل میں وزارت صحت نے بدھ کے روز بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے سبب 1272 اموات اور 32091 نئے کیسوں کا اندراج ہوا۔ اس طرح لاطینی امریکا کے اس ملک میں مذکورہ وبا کا شکار ہو کر مرنے والوں کی مجموعی تعداد 38406 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا کے متاثرین کی تعداد 739503 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ امریکا کے بعد دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی دوسری بڑی تعداد ہے۔ اموات کی تعداد کے لحاظ سے برازیل کا برطانیہ (40,883 اموات) کے بعد دنیا میں تیسرا نمبر ہے۔ادھر چین میں نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ملک میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مصدقہ کیسوں کا اندراج ہوا۔ کمیشن کے بیان کے مطابق تینوں افراد بیرون ملک سے آئے۔
چین میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 83046 ہے جن میں سے 4634 افراد موت کی نیند سو چکے ہیں۔میکسیکو میں وزارت صحت کے بیان کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 4199 نئے کیسوں اور 596 مزید اموات کا اندراج ہوا۔ ملک میں اس وبائی مرض کا شکار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 124,301 تک پہنچ گئی۔ ان میں 14,649 افراد فوت ہو چکے ہیں۔حکومت کے مطابق
متاثرین کی اصل تعداد سرکاری طور پر اعلان کردہ تعداد سے بہت زیادہ ہے۔لاطینی امریکا کے ملک ارجنٹائن میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 1141 نئے کیس سامنے آئے ہیں جب کہ 24 مزید افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس طرح رواں سال مارچ میں اس وبا کے پھیلنے کے آغاز کے بعد سے کرونا سے متاثرہ افراد کی کْل تعداد 24761 ہو گئی ہے۔ اب تک 717 مریض موت کا شکار ہو چکے ہیں۔