نئی دہلی (این این آئی)ابھارت اور چین نے سکم اور لداخ میں سرحدی کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں مطلع کیا کہ دونوں ممالک کے اعلی فوجی افسران کی ہفتے کو ایک چیک پوسٹ پر ہونے والی ملاقات مثبت رہی۔ فریقین نے باہمی معاہدوں کے تحت اور پر امن انداز
سے اختلافات حل کرنے پر اتفاق کیا۔ بیجنگ کی جانب سے فی الحال اس ملاقات کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ بھارت کا دعوی ہے کہ مئی میں ہزاروں چینی فوجی لداخ میں بھارتی حدود میں گھس آئے اور وہاں چیک پوسٹیں قائم کیں۔ اس کے بعد سے لداخ اور سِکم میں دونوں ملکوں کی افواج کے مابین شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور سرحد پر دونوں طرف ہزاروں فوجی تعینات ہیں۔