سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ نے جنوبی کشمیر کے علاقے بیجبہارہ میں سرینگر جموں شاہراہ سے متصل 3 کلومیٹر طویل رن وے کی تعمیر شروع کردی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کی سہولت کے لیے رن وے کی یہ تعمیر ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب لداخ میں بھارتی فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان لائن آف ایکچول کنٹرول پر محاذآرائی جاری ہے۔
رن وے پر کام دو روز قبل جنگی بنیادوں پر شروع کیاگیا اور ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ یہ تین کلومیٹر لمبا ہوگا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں لڑاکا طیاروں کے لئے لینڈنگ کی سہولت کا کام دے گا۔ رن وے کی تعمیر کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹرکوں اورمزدوروں کو پاسز جاری کردیئے گئے ہیں۔اطلاعات میں کہا گیا کہ رات کے دوران بھی کام جاری رکھنے کے لیے مزدوروں کو خصوصی پاسزجاری کئے جارہے ہیں۔