الریاض( آن لائن )امام کعبہ اور مسجد حرام کے خطیب الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ ماہ صیام میں اعمال صالحہ کے لیے سخت محنت کریں۔انہوں نے کہاں رواں سال ماہ صیام ایک ایسے موقعے پرآیا ہے جب پوری دنیا اور سعودی قوم کرونا کی خطرناک وبا کی لپیٹ میں ہے۔
معاصر انسانی تاریخ میں اس وبا کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ یہ وبا اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی ایسا ملک اور خطہ نہیں جہاں کرونا کی وبا نے یلغار نہ کی ہو۔ مگر اس یلغار کے سامنے اہل ایمان سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ ایک سچے مومن کا ایمان ہی اسے بحرانوں سے بچانے میں ڈھال بن سکتا ہے۔ جو شخص اپنے رب پر یقین، اس کی تقدیر پرایمان،اپنے مالک ومولا سے حسن ظن اور سچا توکل کرتا ہے تو اس کا ایمان بحرانوں ، مصائب اور مشکلات میں اس کی ڈھال بن جاتا ہے۔الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے بہادری، دلیری اور جرات مندی کے ساتھ کرونا کی روک تھام کے لیے تاریخی فیصلے کیے اور ان فیصلوں کے نتیجے میں سعودی عرب کو کرونا کی وجہ سے بڑی تباہی سے بچالیا گیا۔انہوں نے کرونا سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والے سرکاری اور نجی اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت نے حادثات اور بحرانوں سے نکلنے کے لیے جرات مندانہ اور تاریخی فیصلے کیے جس کے نتیجے میں سعودی عرب میں کرونا کی وبا کو تباہ کن حد تک پھیلنے سے روک دیا گیا۔