تہران (این این آئی)ایران کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ کرونا کی وبا کے علاج کے لیے اونٹ کا پیشاب پینے کی تجویز دینے والا ایک عطائی مہدی سبیلی گرفتار کرلیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق تہران کے سیکیورٹی جنرل نے پولیس کو ہدایت کی کہ عوام کو گمراہ کرنے اور لوگوں کی توجہ حاصل کرنے والے اس شخص کو حراست میں لیا جائے
جو لوگوں کو کرونا کے علاج کے لیے ایک جانور کا پیشاب پینے کی تلقین کررہا ہے۔تہران کے سیکیورٹی جنرل کا کہنا تھا کہ مہدی سبیلی نامی شخص نے تہران میں فاطمی اسکوائر میں طب اسلام کا ایک مرکز قائم رکھا ہے مگر اس کے پاس طب کی کوئی سند یا ڈپلوما نہیں ہے۔ ملزم سے 30 کروڑ تومان کی وصولی کے ساتھ اسے پبلک پراسیکیوٹر کے سامنے پیش کردیا گیا ۔