ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 1147 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی وزارت صحت نے کہاکہ مملکت میں اس مہلک وبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 11631 ہوگئی ہے۔ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا کہ 76 فی صد نئے کیس فیلڈ ٹیسٹنگ کے دوران ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
اس وقت 150 ٹیمیں ملک بھر میں گھر گھر جا کر ٹیسٹ کررہی ہیں اور اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ کرونا وائرس کا شکار مزید پانچ افراد دم توڑ گئے ہیں اور اب متوفیوں کی تعداد 109 ہوگئی ہے۔انھوں نے وضاحت کی ہے کہ اس وقت سعودی عرب میں 9882 فعال کیس ہیں اور 1640 متاثرہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔