کولہا پور (این این آئی )بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں بنا ماسک کے سر عام سڑک پر چھینکنے پر ایک شخص کی وہاں موجود لوگوں کے ہاتھوں پٹائی ہو گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر کولہا پور میں ایک شخص سڑک سے گْزر رہا تھا کہ اِسی دوران اْس شخص کو چھینک آگئی،جب اْس راہ چلتے شخص کو وہاں سے گْزرتے ایک موٹر سائیکل سوار نے چھینکتے ہوئے دیکھا تو اْس نے موٹر سائیکل روکی اور اْس شخص کو پیٹنے لگ گیا۔
وہاں سے گْزرتے دیگر راہ گیروں نے دیکھا کہ یہ موٹر سائیکل سوار سڑک پر چھینکنے والے شخص کو مار رہا ہے تو وہ بھی بجائے اسے بچانے کے پیٹنے لگے۔واضح رہے کورونا وائرس ایک ایسی وبا ہے جو چھینک اور کھانسی کے ذریعے با آسانی ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل ہورہی ہے، اِسی خوف کی وجہ سے مہاراشٹر میں راہ گیروں نے چھینکنے والے شخص کو پیٹ دیا۔بھارتی پولیس کا کہناتھا کہ اْنہوں نے اِس واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھ لی ہے لیکن ابھی تک کسی نے بھی اِس واقعے کی درخواست درج نہیں کروائی۔