صنعاء (این این آئی)یمن میں شدت پسند گروپ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے جنگجوئوں کی نشاندہی اور انہیں پکڑنے کے لیے امریکا نے ایک نئی مہم شروع کی ہے۔اس مہم کے تحت امریکی فوج نے طیاروں کے ذریعے یمن کی شہری آبادی پر پمفلٹ گرائے گئے جن میں شہریوں کو القاعدہ کمانڈروں کو پناہ دینے پر سخت تنبیہ کے ساتھ القاعدہ کمانڈروں کے بارے میں درست معلومات دینے پر انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق امریکی فوج کی طرف سے جمعرات کے روز وسطی یمن کی البیضاء گورنری میں قیفہ ڈاریکٹوریٹ کے علاقے یکلا میں فضاء سے پمفلٹ گرائے گئے۔ ان اشتہاروں میں مقامی شہریوں سے کہا گیا کہ وہ القاعدہ کمانڈروں کے بارے میں معلومات فراہم کرکے نقد انعام حاصل کر سکتے ہیں۔مقامی اخباری ذرائع نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ امریکا کے اپاچی ہیلی کاپٹروں اور ڈرون طیاروں کی مدد سے یکلا میں القاعدہ کمانڈروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے پمفلٹ گرائے گئے۔ ان پمفلٹس میں القاعدہ کے اشتہاری کمانڈروں کی تصاویر اور ان کے بارے میں معلومات دینے پر انعامات کی رقم بھی درج کی گئی ہے۔یکلا میں القاعدہ کمانڈروں میں خالد باطرفی، سعد عاطف، عمار الصنعانی اور دیگر شامل ہیں۔ امریکی پفلٹس میں ان کمانڈروں کے بارے میں اطلاع دینے کے لیے رابطہ نمبربھی درج کیے گئیہیں۔ ان کمانڈروں کے بارے میں معلومات دینے والے شخص کو 6 ملین ڈالر کی رقم انعام میں دی جائے گی۔