بیجنگ (این این آئی) کورونا وائرس کے خوف سے چین میں پالتو جانوروں کے مالکان نے کتے، بلیوں اور دیگر جانوروں کو ماسک پہنا دئیے ہیں تاکہ یہ بھی کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر صارفین کی جانب سے چند تصاویر پوسٹ کی گئیں جن میں دیکھا گیاکہ کتے اور بلیوں کا منہ مکمل طور پر ماسک سے ڈھکا ہوا ہے اور بس سانس لینے اور آنکھوں کی جگہ سے ماسک کھلا ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر پالتو جانوروں کی ماسک میں تصاویر وائرل ہوگئیں،چین کے قومی صحت کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر پالتو جانور باہر جائیں گے اور ان کا کورونا وائرس سے متاثرہ شخص سے ملاپ ہوگا تو ان میں بھی کورونا وائرس کے خطرات ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی کے پیشِ نظر پالتو جانوروں کو بھی گھروں میں ہی رکھیں، لوگوں کے علاوہ ہمیں دوسرے جانور خاص طور پر پالتو جانوروں کی بھی حفاظت کرنی ہے۔واضح رہے کہ چین کے قومی ادارہ صحت نے وائرس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 143 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1523 ہوگئی ہے، کووڈ-19 سے متاثرہ 2641 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 66492 تک جا پہنچی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم کے مطابق باوجود اس کے کہ کورونا کے 99 فیصد کیسز چین میں ہیں، یہ وبا دنیا کے لیے سنگین خطرہ قرار ہے اور وائرسز کے اثرات دہشت گردانہ کارروائیوں سے زیادہ سنگین ہو سکتے ہیں۔چین کے صوبے ہوبئی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کی تصدیق دنیا کے 25 ممالک ہو چکی ہے، چین سے باہر ہانگ کانگ، فلپائن، جاپان اور مصر میں بھی وائرس سے ہلاکت کا کیس سامنے آچکا ہے۔