بیجنگ(این این آئی)چین میں کورونا وائرس کے پھیلائوکے سبب تین سو سے زائد بھارتی شہریوں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے جاری ایک بیان میں کہاکہ ہفتے کے روز چینی صوبے ہوبائی سے ایئر انڈیا کے ذریعے تین سو چوبیس بھارتی شہری نئی دہلی پہنچے۔ ان میں زیادہ تر طالب علم شامل ہیں۔ بھارتی آرمی نے ان افراد
کو نئی دہلی کے مضافات میں ایک الگ تھلگ مقام پر رکھا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو ایک بین الاقوامی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دے دیا تھا۔ اس وجہ سے جرمنی نے بھی اپنے 90 شہریوں کو ووہان سے واپس بلانے کے لیے ایک فوجی طیارہ بھیجا ہے۔ امریکا کی جانب سے چین سے امریکا آنے والے غیر ملکی مسافروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔