دمشق(این این آئی)شام کے صدر بشار الاسد نے ایرانی پاسداران انقلاب کے مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کو ملک کے قومی اعزاز وسام بطل الجمیوریۃ العربیۃ السوریۃ سے نوازا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شامی حکومت کے وزیر دفاع علی ایوب نے بشار الاسد کی جانب سے سلیمانی کو پیش کیا گیا ایوارڈ ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی کے حوالے کیا۔بشار حکومت میں وزیراعظم کے منصب پر
فائز عماد خمیس شامی وزیر دفاع اور وزیر خارجہ کے ہمراہ اتوار کی شام تہران پہنچے تھے۔ انہوں نے ایرانی ذمے داران کے ساتھ ملاقاتیں کیں جن میں نائب ایرانی صدر اسحاق جہانگیری سرفہرست ہے۔لی ملاقاتوں میں عماد خمیس نے 3 جنوری کو بغداد میں امریکی حملے میں مارے جانے والے قاسم سلیمانی کی موت پر تعزیت پیش کی۔شامی حکومت کی ترجمان خبر رساں ایجنسی کے مطابق بشار الاسد کے وفد کی ایرانی عہدے داران کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ خصوصی تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک پر عائد اقتصادی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔بشار الاسد کے وفد نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سلیمانی کی موت کی تعزیت پیش کرتے ہوئے عماد خمیس نے باور کرایا کہ شامی حکومت عراق میں عین الاسد فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملے کی حمایت کرتی ہے۔