نئی دہلی(این این آئی)امریکا اور ایران کے مابین جاری کشیدگی کے تناظر میں بھارت میں ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ وہ مغربی ایشیا میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بھارت کے کسی بھی اقدام کا خیر مقدم کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر منعقد تعزیتی پروگرام کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی چگینی کا کہنا تھاکہ بھارت
دنیا میں قیام امن کے حوالے سے مناسب کردار کا حامل ہے اور بھارت بہت قریبی دوست ہے۔ مغربی ایشیا میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اگر کوئی پہل کرتا ہے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔ایرانی سفیر ڈاکٹر چگینی نے مزیدکہاکہ ایران جنگ نہیں چاہتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس خطے میں ہر ایک کے لیے امن اور خوشحالی ہو۔ بھارت کی جانب سے ایسی کسی پیشکش کا خیرمقدم کریں گے جو امن اور خوشحالی کا باعث ہو گی۔