نیویارک(آن لائن) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ شام میں ہلاک ہونیوالے بچوں کے جسموں سے خون کی جگہ پیٹرول بہتا تو دنیا ایک پًل کی تاخیر کئے بغیر مداخلت کیلئے بھاگ اٹھتی،مہاجرین کے مسئلے پر چند ممالک کی کوششوں سے قابو نہیں پایا جا سکے گا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز صدر ایردوان نے اقوام متحدہ کے جنیوا آفس میں منعقدہ پہلے گلوبل رفیوجی فورم سے خطاب میں کہا کہ ترکی نے لاکھوں مہاجرین کیلئے اپنے دروازے کھولے ہیں، ایسے وقت میں کہ جب ترکی سے کئی گنا زیادہ امکانات کے مالک ممالک نے مہاجرین کیلئے کوٹہ رکھا ہم نے رنگ، نسل اور زبان کی تفریق کئے بغیر ہر ایک کو پناہ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے مسئلے پر ہماری طرح ان انسانوں کی بہترین شکل میں میزبانی کرنیوالے چند ممالک کی کوششوں سے قابو نہیں پایا جا سکے گا۔صدر اردوان نے کہا ہے کہ شامی مہاجرین کے مسئلے کا واحد حل یہ نہیں سمجھا جا سکتا کہ انہیں ترکی کی سرحدوں میں پناہ دیدی جائے۔