ٹال ہاسی(آن لائن) امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک نیوی ایئر بیس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں حملہ آور سمیت 2 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔فائرنگ کا واقعہ نیول ایئر سٹیشن پیناسکولا پر پیش آیا جہاں ایک حملہ آور نے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا، حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ نیول ایئر سٹیشن سے قریبی ہسپتال میں 11 زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ واضح
نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کے واقعے میں مجموعی طور پر کتنے لوگ زخمی ہوئے ہیں کیونکہ نیول سٹیشن پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ نیول ایئر بیس پیناسکولا کے فیس بک صفحے پر کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے باعث بیس کے دونوں مرکزی دروازے بند کردیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ نیول ایئر سٹیشن پیناسکولا ریاست فلوریڈا کے شہر وارنگٹن میں واقع ہے جو ایک بڑی نیول بیس سمجھی جاتی ہے، اس میں 16 ہزار فوجی اہلکار اور 7400 سویلین ملازمین کام کرتے ہیں۔