ابو ظہبی (این این آئی)متحدہ عرب امارات نے بھی مشرق وسطیٰ سے متعلق قائم امریکی اتحاد میں شمولیت کااعلان کردیا۔متحدہ امارات کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل سیکیورٹی کوآپریشن ڈیپارٹمنٹ سالم الزابی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات گلوبل انرجی سیکیورٹی یقینی بنانے، عالمی معیشت کیلئے توانائی کی ترسیل کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے امریکا کی جانب سے قائم اتحاد میں شمولیت اختیارکررہا ہے۔امریکا نے مشرق وسطیٰ میں تیل بردار جہازوں کی
محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کیلئے یہ اتحاد تشکیل دیا ہے جس میں اب تک سعودی عرب، آسٹریلیا، بحرین اور برطانیہ شامل ہوچکے ہیں۔امریکا نے خلیج فارس میں آئل ٹینکر پر ہونے والے حملوں کے بعد یہ اتحاد تشکیل دیا تھا اور حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔یہ اتحاد تیل کی ترسیل کے حوالے سے دنیا کی سب سے اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز، باب المندب اور خلیج عمان میں تیل بردار جہازوں کی آمد و رفت کو محفوظ بنانے کیلئے کام کرے گا۔