لندن(این این آئی)پاکستانی نژاد مشہور برطانوی کاروباری شخصیت ضمیر چوہدری کو سابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی اعزازی فہرست میں شامل کرلیا گیا، جس میں 57 شہریوں کو پیراجز، نائٹ ہوڈز اور دیگر اعزازوں سے نوازا گیا۔تھریسامے کے اعزازات ملکہ برطانیہ نے سبکدوش ہونے والی وزیراعظم کی درخواست پر دئیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے ایک بیان میں ضمیر چوہدری نے اس ایوارڈ کو ایک بہت بڑا اعزاز قرار دیا اور کہا کہ میں بہت شکرگزار ہوں کہ مجھے ہاؤس آف لارڈز کے لیے مقرر کیا گیا، میں نے ہمیشہ برطانیہ کو موقع کی سرزمین سمجھا ہے اور میں ہمارے عظیم ملک کی شراکت میں پیش پیش رہوں گا۔پاکستانی نڑاد کاروباری شخصیت ضمیر چوہدری کنزرویٹو فرینڈز آف پاکستان (سی ایف او پی) کے چیئرمین بھی ہیں، یہ تنظیم برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے پاکستان اور برطانیہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔برطانیہ میں لائف پیئرز کا تقرر لائف پیئرز ایکٹ 1958 کے تحت کی جاتی ہے اور یہ تقرر پانے والے ہاؤس آف لارڈز میں نشستوں کے حقدار ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ 2016 میں ضمیر چوہدری کو ملکہ برطانیہ نے 2016 کی سال نو کی اعزازی فہرست کے حصے کے طور پر کمانڈر آف دی آرڈر آف دی برٹش ایمپائر (سی بی ای) ایوارڈ سے نوازا تھا۔