قاہرہ(این این آئی)مصری حکومت کے ایک با خبر ذریعے نے بتایا ہے کہ مصر نے فلسطینی تنظیم حماس کو دھمکی دی ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر میزائل حملوں کا سلسلہ بند نہیں کیا تومصر حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی توسیع کی کوششیں ترک کر دے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق مصری حکومت کے ذرائع نے کہاکہ مصری حکومت نے حالیہ ایام میں غزہ سے اسرائیل پر داغے گئے
میزائلوں اور راکٹوں پر حماس سے سخت نا راضی اور غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔ حماس کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد اس وقت مصر میں ہے جو غزہ میں جاری کشیدگی اور دیگر باہمی مسائل پربات چیت کے لیے مصری حکام کے ساتھ مذاکرات کررہا ہے۔ذرائع نے خبردار کیا کہ حماس حزب اللہ اور ایران کی ایجنٹ کے طور اسرائیل کے ساتھ الجھنے سے باز رہے اور اسرائیل کے ساتھ طے پائے جنگ بندی معاہدے کے اصولوں کی پاسداری کرے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ مصر غزہ کی پٹی کو امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جنگ بندی کی کوششیں کررہا ہے۔ مصر نے حالیہ عرصے کے دوران غزہ پر دبائو کم کرنے کی موثر کوششیں کی ہیں۔مصرنے اسرائیل سے بھی جنگ بندی پرقائم رہنے پر زور دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مصری حکومت حماس اور اسرائیل کے درمیان طویل جنگ بندی کے لیے کوشش کررہا ہے۔ادھرذرائع کے مطابق حماس نے مصر کو بتایا کہ تنظیم کے ایران کے ساتھ تعلقات عرب ممالک اور مصر کی قیمت پرنہیں ،بعض ممالک اور قوتیں فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو طول دینے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔