کیف(این این آئی)یوکرائن کے ایک ٹیلی ویڑن چینل کی عمارت پر ایک بم پھینکا گیا جس کے نتیجے میں چینل کے باہر لگے بورڈ کو نقصان پہنچا۔ یہ بم اس وقت پھینکا گیا جب چینل کی طرف سے روسی صدر ولادی میرپوتین کے انٹرویو پر مبنی ایک دستاویزی فلم نشر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح تین بج کر چالیس منٹ پر پیش آیا۔ چینل کی انتظامیہ نے اسے دہشت گردانہ کارروائی سے تعبیر کیا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بم حملے میں چینل کے باہر اس کے سلوگن پر مبنی بورڈ جس پر یوکرائن 112 کے الفاظ درج تھے کو نقصان پہنچا ہے۔پولیس اور
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے استعمال ہونے والے بم کو قبضے میں لے کر نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا۔ یوکرائن کے اسٹیٹ سیکیورٹی ادارے نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔بم حملے کے بعد چینل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ییگور بنکنڈروف نے ایک بیان میں صدر فولوڈیمیر زیلنسکی سے اس واقعے کی مذمت کرنے اور اسے مجرمانہ کارروائی قرار دینے کا مطالبہ کیا۔بنکنڈروف نے کہا کہ صدر مملکت کو اس دہشت گردانہ واقعے پر ٹھوس اور واضح موقف اختیار کرنا چاہیے۔ یوکرائن کے ذرائع ابلاغ کے خلاف اس طرح طاقت کے استعمال کا کوئی جواز نہیں۔