کویت سٹی(آن لائن)کویت کی وزارت اسلامی امور نے ملک میں شدیدگرمی کے باعث جمعہ کا خطبہ مختصر کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ وزارت کی طرف سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام مساجد میں خطبہ جمعہ کو مختصر کیاجائے تاکہ وہ افراد جو دیر سے مسجد پہنچتے ہیں اور انہیں مسجد کے اندر جگہ نہیں ملتی دھوپ میں نماز ادا نہ کریں۔وزارت اسلامی امور و اوقاف نے کہا ہے کہ
ان علاقوں میں جہاں آبادی زیادہ ہے خطبہ جمعہ کو 10سے 15 منٹ تک محدود کردیاجائے تاکہ نمازیوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے اور درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔