واشنگٹن (این این آئی)امریکا کی طرف سے مداخلت کے باعث عالمی سلامتی کونسل لیبیا میں ایک مہاجر کیمپ پر کی گئی بمباری کی مذمت میں ناکام رہی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق گذشتہ روز سلامتی کونسل کی طرف سے لیبیا میں افریقی مہاجرکیمپ کے ایک حراستی مرکز پربمباری کی مذمت میں ایک بیان تیار کیا گیا تھا مگر امریکا کی مداخلت سے وہ بیان جاری نہیں کیا جا سکا۔خیال رہے کہ منگل کو جنگی طیاروں نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں ایک افریقی مہاجر کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 44 عام شہری جاںبحق اور 80 سیزاید زخمی ہوگئے تھے۔سفارتی ذرائع کے مطابق لیبیا میں مہاجر کیمپ پرکی گئی۔
بمباری کے بعد سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس دو گھنٹے جاری رہا۔ اس دوران برطانیہ کی طرف سے ایک بیان کا مسودہ پیش کیا گیا جس میں کیمپ پر بمباری کی مذمت کے ساتھ متحارب فریقین کے درمیان بات چیت اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ تاہم امریکا نے لیبیا میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی مذمت کا بیان جاری کرنے میں رکاوٹ پیدا کی۔لیبیا میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ دارالحکومت طرابلس کے وسط میں قائم مہاجرین مرکز پر بمباری کے نتیجے میں 44 افراد جاں بحق اور 130 زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا تھا۔