جدہ(این این آئی)سعودی عرب کی کابینہ نے کہا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مملکت کے شہریوں پر بیلسٹک میزائلوں اور مسلح ڈرونز سے حملے کررہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت سعودی عرب کی وزارتی کونسل کا اجلاس ساحلی شہر جدہ میں ہوا۔کابینہ نے خطے خلیج میں ( ایران اور امریکا میں ) بڑھتی ہوئی کشیدگی ، یمن اور خطے
بھر میں ایران کی تخریبی سرگرمیوں سے لاحق خطرات اور حوثی ملیشیا کے مملکت کے شہروں پر حملوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا ہے۔وزارتی کونسل نے کہا کہ حوثی ملیشیا کے سعودی عرب پر حالیہ حملوں سے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو حقیقی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔اس کے پیش نظر سعودی عرب کو یمن میں قانونی حکومت کی حمایت میں اتحادی فورسز کی قیادت کا حق حاصل ہے اور ان مخالفانہ سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا بھی حق حاصل ہے۔