ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اسپیشل فورس کی کارروائی میں یمن میںداعش کے سربراہ کی گرفتاری پر فوج کی تعریف کی ہے اورکہاہے کہ ہمیں اپنی بہادر فوج پر فخر ہے جس نے دین اور ملک دشمن گروپ کے خلاف بروقت اور کامیاب آپریشن کرکے دہشت گردوں کو پکڑلیا۔ یمن میں داعش کے سربراہ کی گرفتاری سعودی عرب کے بہادر سپاہیوں کی کامیابیوں کا واضح ثبوت ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ٹویٹر پو پوسٹ کی گئی متعدد ٹویٹس میں شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں نے پیشہ وارنہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے داعش جیسے خطرناک دشمن کو شکست سے دوچار کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی کو نیست ونابود کرکے رہیں گے۔ ہماری قیادت اور مسلح افواج دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ پورے عزم کے ساتھ جاری رکھے گی اور ملک اور عقیدے پرآنچ نہیں آنے دی جائے گی۔