سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع شوپیان میں مزید چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے درم ڈورہ کیگام میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نوجوان عسکریت پسندتھے اور وہ فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے۔ادھر قابض انتظامیہ
نے ضلع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں بھی اسی طرح کی ایک کارروائی میں ایک نوجوان کو شہید کیا تھا۔دریں اثناء بھارتی فورسز نے آج ضلع گاندربل میں کنگن کے علاقے چارون میں بھی محاصرے اورتلاشی کی کارروائی شروع کردی ۔ بھارتی فوجی کی 24آر آر ، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے مشترکہ طورپر چارون میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی شروع کردی۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ علاقے میں گھرگھر تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔