استنبول(این این آئی)ترک صدر رجب طیب اردوان نے الزام عائد کیا ہے کہ مصر کے سابق صدر محمد احمد مرسی طبی موت نہیں مرے بلکہ انہیں قتل کیا گیا ہے۔رجب طیب اردوان نے انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ مصری حکام نے مرسی کی جان بچانے کے لیے کچھ نہیں کیا اور صدر مرسی عدالت میں 20 منٹ تک زندگی و موت کی کشمکش میں رہے۔ترک صدر نے کہا کہ عالمی عدالتوں میں مصر کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے جو ہو سکا
وہ کریں گے۔مصر کے اٹارنی جنرل نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے بیان کی تردید کرتے ہو ئے کہا کہ سابق مصری صدر کو عدالت میں طبیعت خراب ہونے کے بعد فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ انہوں نے کہا محمد مرسی کمرہ عدالت میں 20 منٹ تک مدد کے لیے ہاتھ ہلاتے رہے تاہم حکام نے توجہ نہیں دی۔دوسری جانب مصر کے سرکاری ٹی وی کے مطابق مرسی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تھی۔