تہران (این این آئی)ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان فوجی سطح پر کوئی جنگ نہیں ہوگی۔ایک انٹرویو میں انہوںنے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان فوجی تصادم نہیں ہوگا اور جنگ کی کوئی وجہ بھی نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ امریکی عہدیداروں میں دیگر ممالک پر الزامات عائد کرنے کی روش عام ہوگئی ہے اور وہ دوسرے
ممالک پر دبائو بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔علی شمخانی کا کہنا تھا کہ امریکا کا مقصد معاشی جنگ کے ذریعے ایران کی معیشت کو نقصان پہنچانا ہے۔امریکا کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ وہ سمجھتے تھے کہ ایرانی قوم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے جبکہ انہوں نے دیکھ لیا کہ قوم ان کے سامنے کھڑی ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران ایک مرتبہ پھر امریکی پابندیوں کو بہتر موقع کے طور پر تبدیل کریگا۔