مکہ مکرمہ(سی پی پی )سعودی عرب کے محکمہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ 2 سعودی ڈاکٹروں نے لو سے متاثرین کے علاج کیلئے آلہ ایجاد کر لیا ہے تا کہ حج موسم کے دوران لو سے متاثرہ حجاج اور معتمرین کا فوری علاج کیا جا سکے گا۔
امسال حج، موسم گرما میں آئے گا آئندہ برسوں میں حج کے دوران گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے کے امکانات ہیں۔حج موسم میں منی ،مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کثیر تعداد میں لو سے متاثر ہوتے ہیں۔منیٰ میں متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ حج انتظامیہ لو سے متاثرین کیلئے مختلف انتظامات کرتی رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر حاتم بن عبدالعزیز خوقیر اور نادر بن حمزہ مطیرمنی ، مزدلفہ ، عرفات اور مکہ مکرمہ کے ہسپتالوں میں حج ایام کے دوران لو سے متاثرین کا علاج کرتے رہے ہیں۔سعودی ڈاکٹروں نے اپنے تجربے سے فائدہ اٹھا کر لو سے علاج کا آلہ تیار کیا ہے۔ مکہ مکرمہ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نئے آلے کی بدولت لو سے متاثر حاجی 10منٹ کے اندر اندر اپنی طبعی حالت میں آجائے گا۔اس آلے سے حج مقامات کے سوا کہیں بھی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔ اس آلے کی خوبی یہ بھی ہے کہ اس سے ایک حاجی کی بیماری دوسرے حاجی میں منتقل نہیں ہوتی۔اس کے تمام عناصر ایسے ہیں جنہیں جراثیم پروف کیا جا سکتا ہے۔