مکہ مکرمہ(این این آئی )وزارت محنت وسماجی بہبود آبادی نے فاسٹ فوڈ کے مرکز میں سعودی خواتین کے ساتھ غیر ملکیوں کو ملازم رکھنے پر 40 ہزار ریال جرمانہ عائد کر دیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق فاسٹ فوڈ کے سینٹر میں وزارت محنت کے مروجہ قوانین کی خلاف ورزی پر
جرمانہ عائد کیا گیا ۔وزارت محنت کے ترجمان خالد اباالخیل نے مزید بتایا کہ قانون کے مطابق سعودی خواتین کو ملازمت فراہم کرنے سے قبل اس امر کی یقین دہانی کرائی جانی لازمی ہے کہ خواتین کارکنوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ یکسو ہو کر اپنے فرائض ادا کرسکیں ۔ وزارت کی تفتیشی ٹیم کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ مکہ مکرمہ کے ایک فاسٹ فوڈ سینٹر میں غیر ملکی کارکنوں کے ساتھ سعودی خواتین کو ایک ہی جگہ ملازم رکھا گیا ہے جوکسی طرح مناسب نہیں ۔اطلاع ملنے پر وزارت محنت کی ٹیم نے جائزہ لیا اور اطلاع کو درست پاتے ہوئے قانون شکنی پر سینٹر کے مالک پر 40 ہزار ریال کا جرمانہ عائد کر دیا ۔واضح رہے وزارت محنت کے قانون کے مطابق وہ ادارے جہاں سعودی خواتین کو ملازم رکھا جاتا ہے انہیں کہا گیا ہے کہ وہ سعودی خواتین کارکنوں کو بہترین ماحول فراہم کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ ان کے ہمراہ مرد کارکن نہ ہوں ۔ اگر ایسا ضروری ہو تو اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ فیملی سیکشن میں پارٹیشن ہو جس سے مرد اور خواتین کارکن جدا جدا ہو سکیں ۔ قانون کے مطابق کسی بھی ادارے ، دکان یا سینٹر میں جہاں سعودی خواتین کو ملازم رکھا جائے وہاں انکے آرام اور نماز ادا کرنے کی علیحدہ سے جگہ مخصوص کی جائے جہاں مردکارکن نہ آتے ہوں ۔ قانون پر عمل نہ کرنا قانون شکنی تصورہوتی ہے ۔