ریاض(این این آئی)خواتین کے بارے میں یہ رائے عام ہے کہ وہ گلابی رنگ کی دلدادہ ہوتی ہیں، کپڑے ہوں یا جوتے،ہینڈ بیگ ہو یا گھڑی، خواتین گلابی رنگ کا ہی انتخاب کرتی ہیں۔ مگر سعودی خواتین نے گاڑیوں کے انتخاب کے معاملے میں اس عمومی تصور کو غلط ثابت کردیا ۔سعودی عرب میں کار ساز کمپنیوں، گاڑیوں کے تاجروں اور مارکیٹنگ کے ماہرین اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب خواتین نے اپنے لیے سفید اور سلور رنگ کی
گاڑیاں پسندکیں۔سعودی اخبار کے مطابق سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعدگاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کا خیال تھا کہ خواتین گلابی اور بنفشی رنگ کی گاڑیوں ہی میں دلچسپی لیں گی لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہوا تاہم، سپورٹس اور پرآسائش گاڑیوں سے متعلق ماہرین کی توقعات درست ثابت ہوئیں۔ سعودی خواتین مختلف رنگوں کی گاڑیوں میں دلچسپی لے رہی ہیں اور اس سلسلے میں مردوں اور خواتین کے درمیان کوئی واضح فرق ریکارڈ پر نہیں آیا۔