اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی سیٹلائٹ شکن میزائل کا پہلا ٹیسٹ ناکامی سے دو چار ہوا تھا، امریکی جریدے’’دی ڈپلومیٹ‘‘ نے بھانڈا پھوڑ دیا،تفصیلات کے مطابق دی ڈپلومیٹ نےخصوصی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ 27 مارچ کے تجربے سے ایک ماہ قبل بھارت نے سیٹلائٹ تباہ کرنے کی کوشش کی تھی جو ناکامی سے دوچار ہوئی، رپورٹ کے مطابق بھارت نے سیٹلائٹ تباہ کرنے کا پہلا تجربہ 12 فروری کو کیا تھا اس مقصد کے لیے بھارت کے مشرقی ساحل کے
قریب جزیرہ عبدالکلام سے میزائل فائر کیا گیا تھا۔ٹھوس ایندھن سے چلنے والا یہ میزائل 30 سیکنڈ بعد از خود تباہ ہو گیا تھا اور سیٹلائٹ تک نہیں پہنچ سکا تھا۔سائنسدانوں کے مطابق بھارتی تجربے سے خلا میں جو ملبہ بکھرا ہے وہ دیگر کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔واضح رہے کہ 27 مارچ کو بھارت نے زمین سے 300 کلومیٹر کی بلندی پر سیٹلائٹ تباہ کرنے کے کامیاب تجربے کا اعلان کیا تھا۔