صنعاء (این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحاد نے الزام عاید کیا ہے کہ حوثی باغی صنعاء کے ہوائی اڈے کو فوجی اڈے کے طورپر استعمال کررہے ہیں۔ حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب پر 219 میزائل داغے گئے،عرب ٹی وی کے مطابق
عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل پائلٹ ترکی المالکی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ حوثیوں کی طرف سے نصب کردہ میزائلوں نے فضائی نقل وحرکت کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب اتحاد یمن میں انسانی امداد کے لیے کام کرنے والے اداروں کو ہرممکن سہولت اور مدد فراہم کررہا ہے جب حوثی باغی امدادی اداروں کے راستیمیں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عرب ممالک یمن کی تمام بندرگاہوں پر آئینی حکومت کی عمل داری کی بحالی کے لیے ہرممکن وسائل استعمال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشر میں عرب اتحادی فوج کی طرف سے شہریوں کو فضائی مدد فراہم کی ہے۔ دوسری جانب حوثی باغیوں نے کشر کے عوام پر جنگ مسلط کر رکھی ہے۔کرنل ترکی المالکی نے حوثیوں کے قبضے سے حاصل ہونے والے سام 7 میزائلوں کی تصاویر بھی میڈیا کو دکھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب پر 219 میزائل داغے گئے۔