تہران(این این آئی) ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے پولینڈ کی جانب سے امریکا کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر ایک عالمی اجلاس کی میزبانی کرنے کے منصوبے پر ایک سینئر پولش سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔ امریکا کے ساتھ مل کر ہونے والی یہ عالمی کانفرنس خاص طور پر مشرق وسطیٰ پر مرکوز ہوگی۔امریکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے حکام نے تہران میں
پولینڈ کے ناظم الامور کوطلب کرکے کہا کہ ایران اجلاس منعقد کرنے کے اس فیصلے کواپنے خلاف دشمنانہ کارروائی کے طور پر دیکھتا ہے، ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ تہران اس کا جواب دے سکتا ہے۔اس موقع پر پولینڈ کے ناظم الامور نے کانفرنس سے متعلق تفصیل فراہم کی اور کہا کہ یہ ایران کے خلاف نہیں ہے۔تاہم اس معاملے پر پولش وزارت خارجہ کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔