دبئی(سی پی پی )عدالت نے ایک غیر ملکی باشندے کو سرکاری ملازم کو رشوت کی آفر کرنے کے جرم میں ایک سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ ملزم پر ڈیڑھ لاکھ درہم کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔جبکہ رشوت وصول کرنے والے ملازم پر بھی اتنی ہی سزا اور جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق اردنی ملزم نے افریقی ملک کومروس سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازم کو ایک غیر قانونی کام کے بدلے117,000 درہم کی آفر کی تھی۔
افریقی نوجوان روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے زیر انتظام ایک پٹرول سٹیشن پر کسٹمر سروس کا ملازم تھا۔ اس کسٹمر سروس کے ملازمین کو گاڑیوں کی رجسٹریشن کا اختیار بھی تھا۔ اردنی ملزم نے افریقی ملازم کو واٹس ایپ کے ذریعے 13 گاڑیوں کے لائسنس کی کاپیاں بھیجیں تاکہ ان گاڑیوں کے لیے پچاس فیصد گلاس ٹِنٹنگ کی اجازت حاصل کی جا سکے، حالانکہ افریقی نوجوان کے پاس ایسا غیر قانونی کام کرنے کے کوئی اختیارات نہیں تھے۔افریقی ملازم نے ان 13 گاڑیوں کی الیکٹرانک فائلز تک رسائی حاصل کی اور ان کے لیے فرنٹ، بیک اور سائیڈ کے لیے فل گلاس ٹِنٹنگ کی منظوری دے دی۔ یہ واقعہ 11 ستمبر 2017 کو منظر عام پر آیا۔ پولیس نے اس حوالے سے بتایا کہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے نام پر ملزم نے 13گاڑیوں کو پچاس فیصد گلاس ٹِنٹنگ کی اجازت دی ہے، حالانکہ یہ قطعاً غیر قانونی ہے۔ جس پر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں ملزمان کو سزا کی مدت پوری ہوتے ہی ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔