کراکس(این این آئی)ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کراکس کے دورے کے موقع پر وینزویلا پر عاید کردہ پابندیوں پر تنقید کی ہے جبکہ میزبان صدر نیکولس مادورو نے وینزویلا کے سونے کی برآمد کے حق کا دفا ع کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر نے وینزویلا کے دارالحکومت میں صدر مادورو کے ساتھ ایک فورم میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مسائل ایک پوری قوم کو سزا دے کر حل نہیں کیے جاسکتے ہیں۔ہم ان اقدامات کی حمایت نہیں کرتے ہیں جن میں عالمی
تجارت کے اصولوں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔رجب طیب ایردوآن نے اپنے ہم منصب نیکولس مادورو کو جدید سائمن بولیوار قرار دیا جو ان کے بہ قول اپنے خلاف تمام حملوں کو شکست دیں گے۔بعد میں نیکولس مادورو نے ترک صدر کے ساتھ مشترکہ نیوزکانفرنس میں امریکا کا نام لیے بغیر اس کی اپنے ملک پر عاید کردہ پابندیوں کی مذمت کی اور کہا کہ وینزویلا پر غیر قانونی پابندیاں عاید کرکے اسے دنیا کو سونے کی فروخت سے روکا جارہا ہے جبکہ اس کو سونے کی فروخت کا حق حاصل ہے۔