اسلام آباد ( آن لائن ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کیلئے پاکستان سے مدد طلب کرلی ۔ دفترخارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خط میں طالبان کو مذاکرات کی میز پرلانے کیلئے تعاون کرنے کا کہا ہے،
امریکی صدر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی ہے اور خطے میں امن وامان قائم کرنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔ دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں افغان طالبان سے مذاکرات کے لیے تعاون مانگا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر نے خط میں پاکستان سے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون مانگا ہے اور امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، ماضی میں امریکا کے ساتھ معذرت خواہانہ موقف اختیار کیا گیا۔وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکی حکام کے درمیان رابطہ موجود ہے ۔ افغانستان کیلئے امریکی کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کل پاکستان آرہے ہیں۔ پاکستان نے افغانستان میں امن قائم کرنے کیلئے پرخلوص تعاون کی یقین دہائی کروائی ہے۔ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان ، افغانستان میں امن قائم کرنے کا خواہاں ہے ، اور امن وامان کیلئے تعاون فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن وامان قائم کرنا پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کیلئے پاکستان سے مدد طلب کرلی ۔