عمان(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب ، کویت اور متحد ہ عرب امارات کے وزرائے خزانہ نے جمعرات کو معاشی مسائل سے دوچار اردن کو مالی امداد دینے سے متعلق ایک سمجھوتے پر دست خط کردیئے ۔اس کے تحت اردن کو مالی ضمانتیں اور گرانٹس دی جائیں گی۔کویت کی سرکاری
خبررساں ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق تینوں وزرائے خزانہ نے اردن کے دارالحکومت عمان میں ایک تقریب میں اس سمجھوتے پر دست خط کیے ۔اس کے تحت خلیجی عرب ممالک اردن کے مرکزی بنک میں امدادی رقوم منتقل کریں گے۔ان تینوں ممالک نے جون میں اردن کو ڈھائی ار ب ڈالرز کی امداد دینے کا وعدہ کیا تھا۔تب غربت زدہ اس عرب ملک میں عوام حکومت کی بعض معاشی اصلاحات اور مختلف اشیاء پر دیے جانے والے زرتلافی کی کٹوتی کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے تھے۔اردنی حکومت نے اپنی کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت یہ اقدامات کیے تھے۔خلیجی عرب ممالک کی جانب سے اس خدشے کا اظہار کیا گیا تھا کہ اگر اردن کے شہروں میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے طول پکڑتے ہیں تو اس سے اس ملک میں عدم استحکام پیدا ہوگا اور اس کے خود ان کے اپنے ممالک میں بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ۔اردن مشرقِ اوسط کے خطے میں امریکا کا ایک اہم اتحادی ملک ہے اور اس کا خطے میں جغرافیائی ،سیاسی استحکام کے تحفظ میں اہم کردار ہے۔