ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک )سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے یمن کے دارالحکومت صنعاء اور الحدیدہ کی بندر گاہ کے درمیان انسانی امداد کی حمل ونقل کے لیے نئی راہ داریاں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔الحدیدہ سے صنعاء تک یہ راہ داریاں المہاوت ، حجہ اور باجیل کے راستوں سے کھولی جائیں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرنل ترکی المالکی نے سعود ی دارالحکومت الریاض میں صحافیوں سے
گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حوثی شیعہ باغیوں کی یمن کی قانونی حکومت کے خلاف مسلح بغاوت کے چار سال کے بعد بھی یمنی گونا گوں مصائب سے دوچار ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت خطے میں ایسے نظام موجود ہیں جو دہشت گرد گروپوں کی سرپرستی کررہے ہیں اور انھیں ہتھیار ، میزائل ، ڈرونز اور تیز رفتار کشتیاں مہیا کررہے ہیں۔ان کا اشارہ ایران کی جانب تھا جو حوثی باغیوں کو درپردہ اور کھلم کھلا مالی اور اسلحی امداد مہیا کررہا ہے۔