کابل (این این آئی)افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خط میں امن و استحکام کے حوالے سے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں ٗ خطے میں کسی بھی حکومت کے لیے انتہاپسند اور دہشت گرد عناصر طویل مدت تک مدد گار ثابت نہیں ہوں گے۔ایک انٹرویومیں افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبد اللہ نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں اور ہم اس کا خیرمقدم
کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں چیلنجز ہیں، تاہم ہمیں امید ہے کہ ہم مل جل کر کام کر کے ان کا مقابلہ کر سکیں گے، لیکن یہ صرف دونوں طرف سے مخلصانہ تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انھوں نے تسلیم کیا کہ امریکا اور طالبان کے مابین رابطے ہوئے ہیں، لیکن ان کا مقصد طالبان پر افغان حکومت سے بات چیت کرنے کے لئے دباؤ ڈالنا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر طالبان جمہوری عمل کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو ہم ان کا خیرمقدم کریں گے۔