واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی قیادت نے یمن میں آئینی حکومت کی بحالی اور ایران نواز حوثیوں کی سرکوبی کے لیے سرگرم عرب اتحاد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد یمن میں شہریوں کا تحفظ کررہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیونے کہاکہ انہوں نے کانگریس کے اجلاس میں اس بات کی گواہی دی کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات یمن میں عام شہریوں کی زندگی بچانے کی کوششیں کررہے ہیں۔مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور امارات نے
آئینی حکومت کی رٹ کی بحالی کی جنگ کے دوران یمن میں عام شہریوں کی زندگیاں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان سے بچانے کے لیے ہرممکن اقدام کیا ہے۔ادھر امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا کہ وہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بارے میں وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے موقف سے متفق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں عرب ملک یمن میں عام شہریوں کے کم سے کم نقصان کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں رہے ہیں۔جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ امریکا یمن میں لڑائی ختم کرانے کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔