بیجنگ(آئی این پی )چین کی وزارت خارجہ نے چین پاکستان اقتصادی رہداری منصوبہ(سی پیک )کے بارے میں برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دے دیا ، نئی پاکستانی حکومت نے معاشی منصوبہ کی موثر تکمیل اور اسے تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کیلئے عزم کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کینگ شوانگ نے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ
برطانوی اخبار کی رپورٹ حقائق کے منافی ہے، نئی پاکستانی حکومت سی پیک کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کرچکی ہے، پاکستانی وزارت تجارت نے بھی وضاحت کی ہے کہ برطانوی اخبار نے مشیر تجارت کے بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر بیان کیا ، پاکستانی حکومت نے رپورٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے، چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی حکومت نے سی پیک منصوبہ کو اپنے لئے ایک ترجیح قرار دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کبھی نہ ٹوٹنے والی ہے اور پاکستانی حکومت کی سی پیک کے لیئے حمایت غیر متزلزل ہے۔پاکستان کی نئی حکومت نے سی پیک منصوبوں کے تجزیہ کیلئے ایک نو رکنی کمیٹی تشکیل کی ہے،کمیٹی کا مقصد سی پیک منصوبہ کی رفتار کو تیز کرنا ہے جو کہ پاکستانی عوام کیلئے فائدہ مند ہے۔کمیٹی کا مقصد کسی بھی طرح رہداری کی تعمیر کو تعطل میں ڈالنا نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے، معاشی منصوبہ کی تعمیر سی پاکستان میں معاشی اور سماجی ترقی ممکن ہوئی ہے، فریم ورک کے تحت پاکستان میں 22منصوبوں پر کام ہورہا ہے جس میں سے 9مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 13زیر تعمیر ہیں۔منصوبوں پر 19ارب کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس سے پاکستان میں شرح نمو میں 1سے 2فیصد اضافہ ہوا ہے 70ہزار افراد کو روزگار کے مواقع ملے ہیں۔