واشنگٹن (سی پی پی)امریکی سیاست دان اور سابق صدارتی امیدوار سینیٹر جان میک کین 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ان کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق میک کین کا انتقال گذشتہ روز ہوا اور اس وقت ان کے خاندان کے افراد ان کے ہمراہ تھے۔ان کے دماغ میں جولائی 2017 میں رسولی کی تشخیص ہوئی تھی اور اس کے بعد سے وہ علاج کروا رہے تھے۔میک کین کی بیٹی میگن نے کہا کہ اب ان کی زندگی کا مقصد اپنے والد کی ‘مثال بن کر، ان کی توقعات پر پورا اترنا اور محبت کے ساتھ جینا ہے۔
انھوں نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہاآنے والے برس میرے والد کے بغیر ویسے نہیں ہوں گے، لیکن وہ پھر بھی اچھے دن ہوں گے، زندگی اور محبت سے بھرے، کیوں کہ ان کا نمونہ میرے والد کی زندگی ہو گی۔میک کین چھ بار سینیٹر رہے اور رپبلکن پارٹی کی طرف سے 2008 میں براک اوباما کے مقابلے پر صدارتی انتخاب لڑا لیکن ناکام ہو گئے۔میک کے والد اور دادا دونوں نیوی میں ایڈمرل رہے ہیں۔ خود میک کین ویت نام جنگ میں فائٹر پائلٹ رہے ہیں۔ اس دوران ان کا جہاز مار گرایا گیا اور وہ پانچ سال تک ویت نام کی قید میں رہے۔