نئی دہلی(آئی این پی)ایران نے بھارت کوانتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے امریکی دبائو پر ایرانی پٹرول کی خریداری بند کی تو اسے خصوصی مراعات سے محروم ہونا پڑے گا، چاہ بہار بندرگاہ کے توسیعی منصوبے بھی بھارت نے مکمل نہیں کئے، باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے دونوں ملکوں کا ہر شعبے میں موجودہ صلاحیت سے استفادہ کرنا ضروری ہے۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق ایران نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کے ایران سے پیٹرول کی درآمد بند کرنے کی صورت میں اس ملک کے لئے جاری خصوصی مراعات کو بھی بند کر دیا جائے گا۔نئی دہلی کے لئے ایران کے انچارج ڈی افئیر مسعود رضوانیان نے کہا ہے کہ اگر بھارت امریکی دباو میں آکر ایران سے پیٹرول کی درآمد کو بند کر ے گا اور ایرانی پیٹرول کی بجائے سعودی عرب، روس، عراق اور امریکہ جیسے ممالک سے پیٹرول خریدے گا تو اسے تہران سے حاصل کردہ خصوصی مراعات سے بھی محروم ہونا پڑے گا۔امریکہ کے ایران سے پیٹرول کی خرید بند کرنے کے لئے اپنے اتحادیوں پر ڈالے گئے دباو کا ذکر کرتے ہوئے رضوانیان نے کہا ہے کہ بھارت ایک قابل بھروسہ توانائی ساجھے دار ہے۔انہوں نے بھارت کے چابہار بندرگاہ کی توسیع کے منصوبے کیلئے کئے گئے وعدوں کو بھی پورا نہ کرنے پر تنقید کی اور اسٹریٹجک حوالے سے منصوبے کی اہمیت کی طرف توجہ مبذول کروائی۔رضوانیان نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے لئے ہم بھارت کی طرف سے ضروری اقدامات کرنے کے منتظر ہیں۔ایرانی سفارت کار مسعود رضوانیان نے کہا ہے کہ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے دونوں ملکوں کا ہر شعبے میں موجودہ صلاحیت سے استفادہ کرنا ضروری ہے۔