تہران(این این آئی)ایران کے جنوب مغربی صوبہ آبادان میں ایک ایلیمنٹری اسکول میں سپرنٹنڈنٹ نے ایک طالبہ کے حجاب اتارنے پر سر کے بال کاٹ دیے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کی قومی مزاحمتی کونسل کی خواتین کمیٹی نے بتایاکہ یہ واقعہ 6 مئی کو آبادان کے ضلع گلستان شہر میں پیش آیا تھا۔اس ایلیمنٹری اسکول میں تمام
طالبات زیر تعلیم ہیں لیکن انھیں معلمات کے علاوہ اساتذہ بھی پڑھاتے ہیں ۔کونسل کے مطابق اسکول اسپرنٹنڈنٹ نے حجاب اتارنے پر اس لڑکی کے قینچی سے بال کاٹ دیے تھے اور اس کا یہ جواز پیش کیا تھا کہ سرپوش سے بال باہر نظر آنے پر ایک ماسٹر نے اعتراض کیا تھا۔متاثرہ طالبہ کا نام نرگس بتایا گیا ہے ۔ واقعے کے بعد اس پر دمے کا حملہ ہوا تھااور اس کو اسپتال لے جانا پڑا تھا۔