تہران(این این آئی)ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے جوہری معاہدے سے نکلنے کا فیصلہ کر کے غلطی کر دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق ایک بیان میں آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہاکہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں، امریکہ پر بھروسہ نہ کرو۔انھوں نے ایرانی حکومت سے کہا کہ وہ اس معاہدے کو جاری رکھنے کے لیے راضی ہونے سے
قبل یورپی طاقتوں سے ضمانت لیں۔انہوں نے کہاکہ برطانیہ، فرانس یا جرمنی پر بھروسہ نہیں کرتے، اور اس معاہدے کو جای رکھنے سے قبل ان ممالک سے ضمانت لینے کی ضرورت ہے۔انھوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ سن رہے ہیں کہ آپ اس جوہری معاہدے کو تین یورپی ممالک کے ساتھ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔مجھے ان تین ممالک پر اعتماد نہیں ہے۔اگر آپ اس معاہدے کے نتائج چاہتے ہیں تو پہلے حقیقی ضمانت لیں، ورنا کل یہ بھی وہی کریں گے جو امریکہ نے کیا ہے۔انھوں نے عالمی رہنماؤں کے حوالے سے کہا کہ ان کے الفاظ کی کوئی وقعت نہیں ہے۔ایران کے رہبر اعلیٰ نے کہاکہ آج ایک بات کرتے ہیں اور کل دوسری۔ انھیں شرم نہیں آتی۔