اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ کی جانب سے ایرانی جوہری معاہدے سے علیحدگی کے اعلان کے بعد اسرائیل کی جانب سے شام کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں سے گزشتہ روز شام میں موجود ایرانی فوجی اڈے پر حملہ کیا گیا تھا ۔ اسرائیل نے اس ایرانی اڈے پر دو میزائل داغے تھے جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں ۔ ایران نے اسرائیل کی ننگی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے آج حساب برابر کرتے ہوئے گولان کی پہاڑیوں پر
موجود اسرائیلی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران نے اسرائیلی پوزیشن پر حملہ کرتے ہوئے گولان کی پہاڑیوں پر کئی راکٹ برسائے ہیں۔ ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی القدس کور نے بعث پر بیس سے زائد راکٹ فائر کیے جس سے تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا۔ دونوں جانب سے کئی گھنٹے تک فائرنگ کی جاتی رہی۔اسرائیلی فضائیہ نے لبنان کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے شام میں القنطیرہ اور جنوبی دمشق میں ایرانی پوزیشن کو نشانہ بنایا۔