واشنگٹن(این این آئی)امریکا کی ایک وفاقی عدالت میں غیر ملکی ایجنٹ سے متعلق جاری ایک مقدمے میں اکہتر سالہ پاکستانی شخص نے اعتراف کیا ہے کہ وہ پاکستانی حکومت کے ایما پر امریکا میں لابنگ کر رہا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے ایک بیان میں کہاکہ 71سالہ پاکستانی شہری نثار احمد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ وہ خود کو بطور غیر ملکی ایجنٹ رجسٹر کرائے بغیر 2012ء سے پاکستانی حکومت کے لیے
امریکا میں لابنگ کر رہے تھے۔چوہدری کے اعتراف کے بعد اس مقدمے میں انہیں پانچ سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔امریکی دفتر استغاثہ کے مطابق پاکستان امریکی لیگ کے صدر کے طور پر نثار احمد چوہدری نے حکومتی اہلکاروں، کسٹم اور بارڈر سکیورٹی حکام کے علاوہ تھنک ٹینکس کے ساتھ رابطوں کے دوران انہیں بتایا تھا کہ ان افراد سے حاصل کردہ معلومات کو وہ صرف تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کریں گے۔