ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکا میں سان فرانسسکو کی وادی سیلیکون میں ایرو اسپیس اینڈ ڈیفینس کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کے ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمپنی کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق لاک ہیڈ مارٹن کے صدر دفتر کے دورے کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان کو فضائی دفاعی، ایوی ایشن، میزائل ٹیکنالوجی اور مصنوعی سیاروں کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان کوہائی ٹیک فضائی دفاعی نظام تھام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ ولی عہد نے لاک ہیڈ مارٹن کے ماہرین کے ساتھ کام کرنیوالے سعودی انجینیروں کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ اور اس ٹیکنالوجی کو سعودی عرب میں منتقل کرنے، اس کے پیشہ وارانہ اور ماحولیاتی تجربات، زیادہ سے زیادہ اقتصادی مواقع کے حصول اور مملکت میں ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مصنوعی سیاروں کو مقامی سطح پر تیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔کمپنی کے صدر دفتر کے دورے کے اختتام پر انہوں نے سعودی عرب کے لیے تیار کردہ مصنوعی سیارے پر نصب کیے جانے والے ایک ٹکڑے پر ’بادلوں سے آگے‘ کیالفاظ تحریر کیے۔